ورلڈ کپ کوالیفائیرمیں قومی کھلاڑیوں کی تضحیک کی گئی‘ عبدالرحمن
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عبدالرحمن بلوچ نے ورلڈ کپ کوالیفائرمیںفیصل صالح حیات کی جانب سے 12سے زائد پاکستان نژاد کھلاڑیوں کوقوم کے ہونہار کھلاڑیوں پر ترجیح دے کرفٹبال دشمنی کا مظاہرہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اس عمل سے قومی فٹبالرز کی نہ صرف حوصلہ شکنی ہوئی ہے بلکہ پاکستان کے فٹبالرز جو سالہا سال سخت محنت کرکے قومی ٹیم کا حصہ بننے کا خواب دیکھتے ہیں ان کے خوابوں کو بکھیر دیا گیاہے۔ فیصل صالح حیات کاصدر فیڈریشن سید اشفاق حسین شاہ کی مشترکہ ٹیم بنانے کی پیشکش کو رد کرنے سے ان کے عزائم بے نقاب ہوگئے ہیں ۔گذشتہ تین ورلڈ کپ کوالیفائر میں ان کی بنائی ہوئی ٹیم مسلسل شکست کھارہی ہے اور اس دفعہ بھی انہوں نے اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو کمزور ترین حریف کے سامنے شرمندہ کردیا۔فیصل صالح حیا ت کو چاہیے تھا کہ وہ پاکستان فٹبالرز کو انٹرنیشنل فٹبال کا تجربہ دینے کیلئے اپنی انا کے خول سے باہر آتے اور قومی فٹبالرز کو ان کا جائز مقام دیتے لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اپنی ہت دھری پر قائم رہے۔ جس کا نقصان پاکستان کی بدنامی کی صورت میں ظاہر ہوا۔سندھ اورکراچی کے زمہ داران کیلئے یہ لمحہ فکریہ ہونا چاہیے کہ فیصل صالح حیات نے کسطرح قومی کھلاڑیوں اور کوچز کو نظر انداز کرکے ان کی تضحیک کی۔اس پران کی مکمل خاموشی پر حیرانگی ہے جو سندھ اور بالخصوص کراچی کے کھلاڑیوں کے حق کیلئے صدائے احتجاج بلند کرتے نہیں تھکتے تھے۔