شاہ رخ جتوئی کی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا، سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف دائر اپیل میں شاہ رخ جتوئی کی عمر قید اور جرمانہ کالعدم قرار دینے کی استدعاکی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دو افراد کے ذاتی جھگڑے پر دہشتگردی کی دفعات عائد نہیں ہو سکتیں لیکن اس مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات شامل کردی گئیں۔ اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ قتل اور دہشتگردی کے درمیان فرق کرنے میں ناکام رہی جبکہ سپریم کورٹ اپنے متعدد فیصلوں میں یہ قرار دے چکی کہ ہر قتل دہشتگردی نہیں ہوتا،یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزائے موت دی تھی لیکن ہائی کورٹ نے سزاکم کرکے عمر قید میں تبدیل کر دی۔ یاد رہے کہ 25دسمبر2012کوسندھ کے بااثرخاندان سے تعلق رکھنے والے ملزم شاہ رخ جتوئی نے کراچی میں شاہ زیب نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ اس واقعہ کا چیف جسٹس پاکستان نے از خود نوٹس لیا تھا جس کے بعد ٹرائل کورٹ میں کیس چلا اور ملزم کو سزا سنائی گئی۔