ایران، روس تعلقات کا فروغ علاقائی سلامتی کیلئے اہم، حسن روحانی: تعاون جاری رکھیں گے: پیوٹن
بشکیک (اے پی پی) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران ماسکو تعلقات کے فروغ کو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لئے اہم قرار دیا ہے۔ بشکک میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران روس تعاون صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی اور ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ اچھا تعاون کر رہے ہیں۔ ایرانی صدرنے ایٹمی معاہدے کے استحکام اور یورپ کی جانب سے اس پر عملدرآمد کے حوالے سے روس کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالفریقی تعاون جاری رکھنے کا پختہ ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی شام کی صورتحال میں بہتری ایران، روس اور ترکی کے درمیان سہ فریقی تعاون کا نتیجہ ہے۔