قابض اسرائیلی فوج نے 2 فلسطینی نوجوانوں کو اغوا‘ متعدد کو گرفتار کر لیا
مغربی کنارہ (صباح نیوز+ این این آئی)قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں قلقلیہ اور جنین سے 2 فلسطینی نوجوان اغوا کر لیے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے قلقیلیہ کے مرکزی علاقے پر دھاوا بولا اور ایک نوجوان محمدعنایہ کو دکانوں پر چھاپوں کے دوران اغوا دیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ فوجیوں نے علاقے کو چھوڑنے سے پہلے سکیورٹی کیمروں کی ریکارڈنگ کو ضبط کر لیا ،اسی دوران قابض صہیونی فوج نے قلقیلیہ کے مشرق میں عزون قصبے پر ہلہ بولا اور متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ عزون قصبے میں کارروائیوں کے دوران فوجیوں نے بڑی تعداد میں اشک آور گیس کے گولے پھینکے جس سے آس پاس کے گھروں میں موجود فلسطینیوں کو سانس میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔جنین میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک نوجوان رمزی فیاض کو شہر کے شمالی علاقے میں موجودگی کے دوران گرفتار کیا۔دریں اثناایک مسلح صہیونی آبادکار نے رملہ میں ایک فلسطینی کسان اور اسکے بیٹے پر جسمانی تشدد کیا ۔ حلامیش کی غیر قانونی بستی کے رہائشی صہیونی آبادکار نے 15 سالہ رامی التمیمی اور اسکے باپ کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ رملہ کے علاقے میں جڑی بوٹیاں اکٹھی کر رہے تھے۔آباد کار نے اپنی گائیں بھی فلسطینیوں کی زمینوں پر چرنے کے لیے چھوڑ دیں۔ ادھر فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کی طرف داغے گئے میزائل کے نتیجے میں’سدیروت‘ یہودی کالونی میں ایک عمارت تباہ ہوگئی ہے،واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پربمباری کی جبکہ اسرائیل میں نصب آئرن ڈوم میزائل شکن دفاعی نظام نے راکٹ کو فضا ہی میں تباہ کر دیا تھا۔اسرائیلی پولیس کے مطابق گزشتہ شام اسرائیلی سرحدی قصبے سدیروت پر دوسرا راکٹ داغا گیا، اس کے نتیجے میں ایک گھر کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔قابض اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت کے ایک کمپاؤنڈ میں زیر زمین انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔،کارروائی میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔