عدم برداشت‘ انتہا پسندی اور تعصب ہمارے دور کے شیطان ہیں‘ بلاول بھٹو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد اْمتِ مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ عید الفطر کے موقعے پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کو عدم رواداری و شیطانی قوتوں سے نبرد آزما ہونے کی ہدایت اور رواداری و عاجزی کے اعلیٰ اقدار دل پر نقش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختتامِ ماہِ رمضان کو مذکورہ اعلیٰ اقدار کی جستجو کا اختتام نہیں سمجھنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیے عزم کریں کہ پورا سال ہم ان اعلیٰ اقدار پر عمل پیرا ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدم برداشت، تعصب اور انتھاپسندی ہمارے دور کا شیطان ہے اور ہمیں مِل جْل کر عدم رواداری و انتھاپسندی کے خلاف لڑنا ہوگا، خواہ وہ کسی شکل اور روپ میں ہو۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ اِس عید کے پر امتِ مسلمہ غور کرے کہ اس کے اتحاد اور متحد ہونے کے آگے کیا چیلینجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پرمسرت موقعے پر ہمیں محتاج و نادار لوگوں اور ان کو یاد کرنا نہ بھولیں، جنہوں نے ملک میں امن کی خاطر دہشتگردی کے خلاف لڑتے اپنی جانیں قربان کیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے دعا کی کہ رمضان المبارک کی رحمتیں و برکتیں پورا سال ہم سب کے ساتھ رہیں۔
بلاول بھٹو