معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے: کارپٹ مینوفیکچررز
لاہور( نیوز رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ نا گزیر ہے اوراس کیلئے ہمسایوںسمیت دنیا کے کامیاب ممالک کے ماڈل سے استفادہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ،پاکستانی مصنوعات کوعالمی مارکیٹوں میں متعارف کرانے کیلئے غیر ملکی کمرشل اتاشیوں کو متحرک کیا جائے جبکہ برآمد کنندگان کو بھی خصوصی سٹیٹس ملنا چاہیے ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے عالمی نمائشوں کے حوالے سے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور یقین ہے کہ رواں سال اکتوبر میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے بھی ہر ممکن مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالا ت کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف ملک کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان ، ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، سابقہ چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کارپٹ انڈسٹری کو درپیش مشکلات اور خصوصاً عالمی نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔