کراچی: ممتاز ادیب ڈاکٹر اسلم فرخی انتقال کر گئے
کراچی ( کلچرل رپورٹر) اردو ادب کے ممتاز محقق ، ادیب ، شاعر اور جامعہ کراچی کے سابق استاد ڈاکٹر اسلم فرخی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے ۔ انکی عمر 93 برس تھی، وہ 23 اکتوبر 1923 ء کو لکھنؤ( بھارت ) کے ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ قیام پاکستان کے ساتھ ہی وہ 1947 ء میں پاکستان آگئے ۔ انہوں نے سندھ مسلم کالج اور کراچی یونیورسٹی میں طلبا کیلئے درس و تدریس کے فرائض انجام دیئے ۔ ان کا زیادہ وقت کراچی یونیورسٹی میں گزرا وہ جامعہ میں رجسٹرار بھی رہے ۔ ڈاکٹر اسلم فرخی کے انتقال پر صدر مملکت ممنون حسین نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسلم فرخی کی تحقیق اور تصوف پر ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی ڈاکٹر اسلم فرخی کی وفات پر گہرے غم و رنج کا اظہار کیا ہے ۔