چین میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والا ایک انجینئر جو ایک حادثے میں اپنی آنکھیں کھونے کے بعد بھی زندگی کے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کررہا ہے۔
سونگ ڈیجن نامی یہ انجینئر چند سال قبل چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کی ایک کوئلے کی کان میں بحیثیت اسسٹنٹ چیف انجینئر کام کرتے ہوئے کان میں گیس بھر جانے سے لگنے والی آگ پر قابو پانے کے دوران بینائی سے ہاتھ دھو بیٹھا، لیکن اس نے اس محرومی کو مجبوری بنانے کے بجائے ہمت سے کام لیا اور دیگر کان کنوں کو کام کے دوران ممکنہ خطرات اور ان سے بچاؤکی احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کرنے کی ٹھان لی اور اب وہ ہر روز زیر تربیت کان کنوں کی اکیڈمی میں جاکر انہیں لیکچر دیتا ہے ۔سونگ کا کہنا ہے کہ وہ یہ کام اپنی آخری سانس تک جاری رکھے گا ۔