حکومتی ایس او پیز کے تحت میٹرو بس سروس بحال کی جائے
راولپنڈی (نعمان شاد)ریلوے سمیت پبلک ٹرانسپورٹ حکومتی ایس او پیز کے تحت بحال کر دی گئی ہے کیا معیاری اور سستی سواری میٹرو بس کو حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے نہیں کھولا جا سکتا؟ روزانہ لاکھوں کی تعداد میں شہری اس معیاری سروس سے مستفیدہوتے تھے جو اب مجبوراً پبلک ٹرانسپورٹ پر دھکے کھانے پر مجبور ہیں،شاید حکومت کورونا وائرس کے بہانے اس معیاری سروس کوسیاست کی نظر کر کے بند کرنا چاہتی ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ حکومتی جماعت کی روایتی حریف سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شروع ہوا تھا۔ان خیالات کا اظہار میٹرو سروس کی بندش سے متاثر ہونے والے مسافروں نیــ’’نوائے وقت ‘‘کے سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا،میٹرو بس سروس کی بندش پر شہریوں میں شدید تشویش پائی گئی مسافروں کا کہنا تھا میٹرو بس سروس کی بندش سے خصوصاً بچے ،بزرگ اور خواتین شدید متاثر ہو رہی ہیں،جب سے میٹرو بس سروس بند کی گئی ہے اس وقت سے نجی پبلک ٹرانسپورٹ مافیا متحرک ہے جو من مانے کرایے وصول کر رہاہے۔،شہریوں نے کہا جس طرح ریلوے اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کو حکومتی ایس او پیز کے تحت کھول دیا گیا ہے کیا میٹرو بس سروس کو اس طرح اجازت نہیں دی جا سکتی تا کہ لاکھوں متاثر ہونے والے شہری مہنگائی کے اس دور میں سستی سواری کر سکے،شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اورکمشنر راولپنڈی سے التماس کی کہ فی الفور حکومتی ایس او پیز کے تحت میٹرو بس سروس عوام کے لئے شروع کی جائے تاکہ شہری اس سے مستفیذ ہو سکیں ۔