اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ وزیراعظم کا دورہ امریکا باہمی تعلقات میں اہم ثابت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے منقعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکاکےتعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔یورپی یونین نے پاکستان کے ساتھ اہم اسٹریٹجک معاہدہ کیاہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کا دورہ امریکا باہمی تعلقات میں اہم ثابت ہوگا ۔ان کے دورہ امریکا سے اعتماد سازی کی فضابحال ہوگی،ہماری خارجہ پالیسی میں امریکاکےساتھ تعلقات ہمیشہ اہم رہےہیں ۔ پاکستان کےامریکاکےساتھ تعلقات میں مختلف نشیب وفراز آتے رہے،دونوں ملکوں میں مثبت اور تعمیری بات چیت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ سال ستمبرمیں میرےدورہ امریکامیں مثبت پیشرفت ہوئی۔امریکی نمائندوں سےملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کوفروغ ملا،تعمیری ومثبت سوچ کےساتھ آگےبڑھنےمیں دونوں ممالک کامفادہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہاکہ جنوبی ایشیامیں امن واستحکام سےمعاشی وتجارتی ترقی حاصل ہوگی۔پاکستان افغان امن عمل میں اہم کرداراداکررہا ہے ۔