انڈونیشیا کے مشرقی صوبے میں7.3شدت کا زلزلہ، خاتون ہلاک، ہزاروں افراد بے گھر
جکارتہ (اے پی پی) انڈونیشیا کے مشرقی صوبے ملاکو کے جزیرے میں 7.3 شدت کا شدید زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔ حکام کے مطابق زلزلہ کا مرکز جکارتہ سے 165کلومیٹر دور جنوبی مغربی صوبے ملاکو میں تھا۔ حکام نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ زلزے سے 160 مکانات تباہ اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جنہوں نے سرکاری سکولوں، عمارتوں اور بڑے میدانوں میں پناہ لی ہے، بڑی تعداد میں لوگ خوف و ہراس کی وجہ سے گھر جانے کو تیار نہیں ہیں۔انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے جاری ہیں اور پیر کی صبح تک 52 آفٹر شاک آئے ہیں، حکومت کی امدادی ٹیمیں متاثرین میں ضروریات زندگی کا سامان اور خوراک تقسیم کر رہی ہیں، گزشتہ ہفتے بھی ملاکو میں 6.9کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال سلویسی کے جزیرے میں 7.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے 2200 افراد ہلاک اور ہزاروں لاپتہ ہوگئے تھے۔