آج سے گندم کی واشنگ بند، کل سے فلور ملیں 3 روزہ ہڑتال کریں گی: مالکان
لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے چوکر پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کی تحریری وضاحت نہ دینے کے خلاف آج (16جولائی )سے گندم کی پسائی کیلئے گندم کی واشنگ نہ کرنے اور 17جولائی( بدھ) سے ملک بھر میں فلور ملوںکی تین روزہ علامتی ہڑتال کریں گی۔ اس امر کا اظہارکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین محمد نعیم بٹ، چیئرمین پنجاب حبیب الرحمن لغاری ، چیئرمین سندھ جاوید یوسف ۔ چیئرمین خیبرپی کے حاجی محمد طارق ، چیئرمین بلوچستان سیّد محمد شریف آغا اور مرکزی رہنما عاصم رضا احمد ، سابق چیئرمین پنجاب لیاقت علی خان اور میاں محمد ریاض نے اپنے بیان میں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق آج 16جولائی 2019کو گندم کی پسائی کیلئے گندم کی واشنگ نہیں کریں گی۔ ۔کل17جولائی2019بروز بدھ ملک بھر میں فلور ملز تین روزہ علامتی ہڑتال کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا FBRکے حکام کی جانب سے تاحال فلور ملز ایسوسی ایشن کو گندم کی مصنوعات اور گندم کے چوکر پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں کوئی تحریری وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ ہم وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے شکر گزار ہیں کہ ان کی ہدایت پر گندم کی مصنوعات پرسیلز ٹیکس کے نفاذ کے بارے وضاحت جاری کی گئی۔ لیکن تاحال گند م کے چوکر پر سیلز ٹیکس کے نفاذ بارے کوئی وضاحت جاری نہیں ہوئی۔ دوسری جانب حکومت نے اس ضمن میں سرکلر جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے گندم، آٹے اور چوکر پر سیلز ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔