بلاول، مریم نواز کے اثاثے ضبط، رویت ہلال کمیٹی کو ختم کیا جائے: فواد چودھری
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نیب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری اور مسلم لیگ (ن)کی نائب صد ر مریم نوارکے اثاثے منجمد کر نے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ابو بچائو مہم پر گامزن ہیں۔ احتساب کا عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا، جب تک زرداری، نواز شریف کیساتھ افتخار چوہدری کا بھی احتساب نہیں ہوتا، حامد خان جیسے لوگوں کی بھی گرفتاری ہونی چاہیے۔ افتخار چوہدری پیسے چھپانے میں ماہر ہیں،انکو پہلے پکڑنا چاہئے، ہجری کیلنڈر کو منظوری کیلئے اگلے ہفتے کابینہ کو بھجوایا جا رہا ہے۔ پیر کو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او کی سائنس فاؤنڈیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے گیا تھا، پہلے آر سی ڈی ہوا کرتا تھا اب ای سی او بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ترکی اور ایران کے پاس آگے جانے کا ایک ہی راستہ ہے، وہ راستہ سائنس و ٹیکنالوجی کا راستہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یورپی یونین کے ساتھ پچیس سال بعد سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا رشتہ بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز اور شہباز کی کرپشن کے الزامات سن سن کر بور ہو گئے ہیں۔ مریم نواز کے پانچ سو بلین دولت کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جج کے خط کا حکومت اور وزراء کا کیا تعلق؟۔ انہوں نے کہاکہ جو پاکستانی پیسہ چوری کیا اس کو ریکور کرنا حکومت کا مینڈیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم اور بلاول دونوں ابو بچاؤ مہم پر گامزن ہیں، ان پر مالی کرپشن کے کیس ہیں، نیب نے اب تک ان کے اثاثے کیوں منجمد نہیں کئے؟ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول کے اثاثے فوری طور پر منجمد ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ احتساب کا عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا، جب تک زرداری، نواز شریف کیساتھ افتخار چوہدری کا بھی احتساب نہیں ہوتا۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم قمری کیلنڈر کو او آئی سی میں لے کر جا رہے ہیں، انشاء اللہ قمری کیلنڈر امت مسلمہ کا مشترکہ کیلنڈر ہوگا، ایران، یو اے ای اور سعودی عرب نے چاند دیکھنے والی ایپ کی تعریف کی ہے، دیگر اسلامی ممالک نے بھی ہماری کوششوں کو سراہا ہے اور اب موبائل سے ادائیگیوں کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ فوادی چوہدری نے کہا کہ ہم کابینہ سے درخواست کر رہے ہیں کہ رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرے اور حکومت ہمارے کیلنڈر کو سرکاری طور پر نافذ کرے جب کہ ہم موبائل پیمنٹس کی طرف آ رہے ہیں اور اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔ موبائل پیمنٹس شروع ہوگئیں تو شناختی کارڈز کی ضرورت نہیں رہے گی۔