ملک کو بچانے کیلئے عمران حکومت کا خاتمہ ضروری ہے:حاجی عالم زیب
کراچی (نیوزرپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حاجی عالم زیب خان نے کہا کہ ملک کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے عمرانی حکومت کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔ابھی ایک سال پورا نہیں اور ملک قرضوں اور بحرانوں کی دلدل میں چلاگیا۔عمرانی سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔وہ جامعہ عثمانیہ شیر شاہ میں جامعہ کے رئیس اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ عالم زیب خان نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال کے ذریعہ قوم جعلی حکومت کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے۔ عمرانی حکومت اب چند دنوں کی مہمان ہوگی ۔قاری محمد عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے سلیکٹڈارکان اسمبلی دور بینوں میں بھی نظر نہیں آتے۔اہل کراچی اپنی ضروریات زندگی اور عزت کس سے مانگیں؟ ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کراچی کے شہریوں کو فوری طور پر پانی و بجلی کے بحران سے نجات دلاتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات گیس بجلی خوردونوش کی تمام اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرتے ہوئے اصل پوزیشن کو بحال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت ملک اور قوم پر عذاب الہی سے کم نہیں،لہذا شہری اجتماعی طور پر رجوع الی اللہ اور توبہ استغفار کا بھی اہتمام کریں۔عشائیے میں مولانا گل محمد تالونی، مولانا مصباح العالم، محمد الیاس خان، حاجی فرید خان اور دیگر موجود تھے۔