وزیراعظم مہنگائی،بے روزگاری اور مہنگی تعلیم کا فوری نوٹس لیں،پوزیشن ہولڈر ز
اسلام آباد ( میگزین رپورٹ / اپنے سٹاف رپورٹر سے) میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات نے وزیراعظم عمران خان سے بڑھتی ہوئی گرانی، پھیلتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگی تعلیم کا فوری نوٹس لینے اور اس کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ مشکل صورت حال سے نکلنے کے لیے مشکل فیصلے ضرور کریں مگر غریب طبقے کے حالات اور مفاد کو مقدم رکھیں ۔کم وسائل اور کم آمدن کے حامل افراد کیلئے بچوں کو کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھانا مشکل تر ہوتا جارہا ہے تاہم 1089 نمبروں کے ساتھ مجموعی طورپر پہلی پوزیشن پانے والے کیڈٹ کالج حسن ابدال کے وقاص احمد نے بتایا کہ درپیش معاشی اور اقتصادی ابترحالات حکومت کے لیے چیلنج ہیں قوم کو تھوڑا صبر کرنا پڑے گا وقاص کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے وہ ایم این اے جمشید دستی کے قریبی عزیز ہیں وہ مستقل میں آرمی جوائن کرنے کے خواہش مند ہیں۔ 1075 نمبروں کے ساتھ سائنس گروپ گرلز میں تیسری پوزیشن کی حقدار منیر پبلک گرلز سکول چکوال کی اریبہ سردار نے بتایا کہ اس مقام پر پہنچنے میں والدین کی دعاوں ، اساتذہ اور پرنسپل سید منیر حیدر شاہ کی راہنمائی شامل رہی انشاء اللہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح اپنی درسگاہ اور اپنے شہر کا نام بلند کرتی رہے گی اریبہ کا کہنا تھا کہ نصاب میں جدید دور کے تقاضوں کے تحت تبدیلی ہونی چاہیے۔ مقام شکر ہے کہ حکومتی سطح پر نصاب پر نظرثانی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ْ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بننے کی خواہش مند ہیں۔1009 نمبروں کے ساتھ جنرل سائنس گروپ طالبات میں ٹاپ کرنے والی عیشاء طارق کا تعلق گرامر پبلک سکول سیٹلائٹ ٹاؤن سے ہے انہوںنے بتایا کہ ان کی کامیابی کا کریڈٹ پرنسپل شمیم حیدر سید اور اساتذہ کو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مستقبل میں معلمہ بننے کا خواب دیکھ رہی ہیں، وزیراعظم عمران اور وزیراعلی سردار عثمان بزدار کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی وظائف کے اجراء کی ہدایت کرنا چاہیے تاکہ غریب طبقے کو تعلیمی شعبہ میں ریلیف ملے۔ عیشاء بتول نے 1079 نمبر لے کر سائنس گروپ طالبات میں فرسٹ پوزیشن پائی ان کا تعلق ڈسٹرکٹ پبلک سکول چکوال سے ہے ان کے والد ڈاکٹر غلام کبریا اپنے شہر کے معروف معالج ہیں وہ بھی اپنے والد کی طرح میڈیکل شعبہ میں نام پیدا کرنا چاہتی ہیں ۔ 996ء نمبروں کے ساتھ جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن پانے والے وسیم اکرم کے والد چھ ماہ قبل اللہ کو پیارے ہوگئے تھے۔ انہوں نے اپنے والد کا خواب پوزیشن اسٹیڈ پر پہنچ کر پورا کیا حطار سے متعلق وسیم مستقبل میں قانون دان بننے کے خواہش مند ہیں۔ 1083ء نمبروں کے ساتھ سائنس گروپ طلبہ میں تھرڈ پوزیشن کے حامل خوشحال خان ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں انکے والد انجینئر ہیں مگر انہیں میڈیکل شعبہ میں زیادہ بہتر سکوپ نظر آتا ہے اسی درسگاہ کے عبداللہ ظفر 1086 نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے وہ بھی ڈاکٹر بننے کے خواہش ہیں طلبہ کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرے اور تعلیم سے متعلق اشیاء کو ٹیکس سے استثنیٰ دے۔