ڈاکٹر امیر شیخ فارغ، غلام نبی میمن نئے کراچی پولیس چیف تعینات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس میں اعلی سطح پر تبادلے اور تقرریوں کی گئی ہیں جس کے تحت کراچی پولیس کے چیف امیر شیخ کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ غلام نبی میمن کو کراچی پولیس کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے پولیس آرڈر پاس ہونے کے بعد پہلا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ہٹانے کا حکم دے دیا گیاہے۔ان کی جگہ غلام نبی میمن کو کراچی پولیس کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ بھی سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں۔امیر شیخ کو ایڈیشنل آئی جی آپریشن تعینات کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد کا بھی تبادلہ کردیا گیا۔ ولی اللہ دل کو ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سے ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد تعینات کردیا گیا۔عمران یعقوب منہاس کو ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، فرحت علی جونیجو کو ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور قمر زمان کو ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اور ٹریننگ تعینات کر دیا گیا ہے۔تمام تقرریوں اور تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔امیر شیخ نے کراچی پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے تقریبا 11 ماہ ذمہ داریاں انجام دیں، انہیں گزشتہ سال ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کی جگہ تعینات کیا گیا تھا۔