احتساب سیاسی انتقام کی نذر
مکرمی! آجکل احتساب کی آڑ میں ملک میں سیاسی انتقام کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ ایسے ایسے بھونڈے اور بے سروپا الزامات سیاسی اور دیگر اکابرین پر لگائے جا رہے ہیں کہ متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کی کارکردگی پر رونا آ رہا ہے۔ سیاسی دبائو میں آ کر احتساب اداروں اور ایجنسیوں کا رویہ انتہائی تضحیک آمیز اور اخلاقی گراوٹ کی نذر ہوتا جا رہا ہے۔ اس وقت احتساب کی پیاسی قوتوں کا ٹاسک اپوزیشن جماعتوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہے۔ ان اداروں کے بنائے ہوئے ریفرنسز اور مقدمات کی جب ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں سماعت ہوتی ہے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آ جاتا ہے۔ احتساب تو ہر ذی شعور اور محب وطن پاکستان کے دل کی آواز ہے۔ بشرطیکہ احتساب انصاف پر مبنی ہو جن چند لٹیروں نے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے جو کرپشن کی صورت میں ملک کی بنیادوں کو گھن کی طرح چاٹ رہے ہیں ان کا تعلق کسی بھی طبقہ زندگی سے ہو ان کو انصاف کے کٹہرے میں ضرور لانا چاہئے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں ان کو قرار واقعی سزا ہونی چاہئے۔ ان سے ملک و قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس ہونی چاہئے۔ حکومت وقت اور احتسابی اداروں سے دردمندانہ اپیل ہے کہ خدارا احتسابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ (رانا ارشد علی ایم اے معاشیات و سیاسیات گجرات)