عوام نے نوازشریف کے حق میں فیصلہ دیدیا، 25جولائی کو رسمی کارروائی ہو گی: ر انا ثناء
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صوبائی وزیر قانون و امیدوار این اے106 رانا ثناء اللہ خاں اور امیدوار پی پی 109چوہدری ظفر اقبال ناگرہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اپنا فیصلہ نواز شریف کے حق میں دے دیا ہے، اب 25جولائی کو صرف ایک الیکشن کی رسمی کارروائی ہو گی، نگران حکومت نے تاریخ کی بدترین مثال قائم کی ہے، ایسا کریک ڈائون تو کبھی مارشل لاء کے دور حکومت میں بھی نہیں ہوا جیسا نگران حکومت نے (ن) لیگی کارکنوں کے خلاف کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سال دور حکومت میں کسی احتجاج، جلسے جلوسوں یا ریلیوں پر اس طرح کریک ڈائون نہیں کیا گیا جس طرح گزشتہ رووز ہمارے قائد میاں نوازشریف کی پاکستان آمد کے موقع پر ہوا ہے۔ پاکستانی قوم سمیت دنیا بھر کا میڈیا دیکھ رہا ہے کس طرح پاکستان کے جرات مند اور نڈر لیڈر کی پارٹی کے کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ بہت جلد ان لوگوں کو ایک ایک ظلم کا حساب دینا ہو گا۔