سیاسی بھگوڑوں، ضمیر فرشوں کے ذریعے تبدیلی لانے والے قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے: شاہدخاقان عباسی
کلر سیداں/ روات (نامہ نگاران) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے لندن قیام کی بھاری پیشکشیںٹھکرا کر اڈیالہ جیل کو ترجیح دی ۔نواز شریف چاہتے تو لندن میں سکون سے رہ سکتے تھے مگر انہوں نے قوم کو تنہا نہ چھوڑا وہ ووٹ کو عزت دلانے کی خاطر آج جیل میں ہیں ۔عمران خان تمام سیاسی جماعتوں کے بھگوڑوں سیاسی مسافروں ضمیر فروشوں کے ذریعے ملک میں تبدیلی کی باتیں کر کے قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے لاہور میں لاکھوں افراد نے رکاوٹوں کے باوجود باہر نکل کر مخالفین کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب یوسی تخت پڑی کے گائوں گوہڑہ گجراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت کرنل صبح صادق ملک نے کی۔ اس موقع پر چوہدری غضنفر علی ،ڈاکٹر عمیر جاوید، ملک حامد نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے نتائج کے بعد ن لیگ کو وفاق اور پنجاب اور پی ٹی آئی کو کے پی کے اور پیپلز پارٹی کو سند ھ میں حکومتیں ملیں عوام تینوں حکومتوں کا موازنہ کریں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری نظر آئے گا۔کے پی کے کے وزیر اعلیٰ دن دو بجے تو دفتر آتے تھے سند ھ کو بھی کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا وفاق اور پنجاب میں دن رات محنت کر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا گیا ملک نے اتنی ترقی گزشتہ ادوار میں نہیں کی جتنی تیزی سے ترقی ن لیگ کے پانچ برسوں میں ہوئی ہم کو اداروں کے دبائوں کا سامنا رہا دھرنو ں کے ذریعے ہمارا راستہ روکا گیا دھرنوں سے قومی معیشت ایک فیصد مزید کم رہی ہم نے اڑھائی ہزار کلو میٹر کشادہ شاہراہیں سترہ سو کلو میٹرز موٹرویز بندرگاہیں ائر پورٹ بنائے بجلی کے کارخانے لگائے ملک سے دہشتگردی اور انرجی بحرانوں کا خاتمہ کیا آج بجلی کی پیداوار زیادہ اور طلب کم ہے لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی کی کمی نہیں مقامی مسائل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور میں بینظیر کی جلاوطنی کے بعد وطن واپسی کا منظر بھی دیکھا مگر اہلیان لاہور نے جمعہ کے روز لاکھوں کی تعداد میں تما م تر رکاوٹوں اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود نواز شریف سے اظہار یکجہتی کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ نواز شریف ملک میں سول راج چاہتے ہیں لوگوں کی ووٹوں سے قائم ہونے والی حکومت کو تمام فیصلے آزادانہ ماحول میں کرنے کا حق ملنا چاہئیے ڈکٹیشن لینے کا وقت بیت گیا نواز شریف اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے انہوں نے اس امر پر بھی اظہار افسوس کیا کہ لاہور جانے والے قافلوں کے راستے کنٹینرز اور رکاوٹیںکھڑی کر کے روکا گیا کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اخبارات اور ٹی وی پر جلوسوں کے مناظر روکے گئے یہ عمل جمہوریت کے منافی ہے عوام ان سب سے زیادہ کا بدلہ پچیس جولائی کو شیر کے نشان پر مہر لگا کر لیں گے۔