وزیراعظم آفس نے 2 وفاقی سیکرٹریز کو تبدیل کرنے کی سمری مسترد کر د ی
اسلام آباد (مسعود ماجد سید؍ خبر نگار) دو اعلیٰ بیوروکریٹس کو تبدیل کرنے کی وفاقی حکومت کی طرف سے بھیجی گئی سمری وزیر اعظم آفس نے مسترد کردی۔سیکرٹری اسٹیبلشمینٹ ڈویژن اورنگزیب حق نے وفاقی سیکرٹری تجارت یو نس ڈھاگہ کو تبدیل کرکے سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ محمد جہانزیب خان کو لگانے کی ایک سمری منظوری کے لئے وزیر اعظم سیکرٹریٹ ارسال کی لیکن اس سمری کو بیک جنبش قلم رد کر کے واپس بھیج دیاگیا۔ ملنے والے دستاویزی شواہد کے مطابق سیکرٹری اسٹیبلشمینٹ ڈویژن اورنگزیب حق نے4جولائی 2018کو اپنے دستخط سے ایک سمری وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سہیل عامر کو ارسال کی جس میں واضح طور پر کہا گیا کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ گریڈ بائیس کے وفاقی سیکرٹری تجارت یو نس ڈھاگہ کو تبدیل کرکے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ گریڈ بائیس کے وفاقی سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ محمد جہانزیب خان کو لگانے کی یہ سمری منظور کی جاے ٔ تاکہ وفاقی حکومت اس تبدیلی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے لیکن وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری کاظم نیاز نے اس سمری کو منظور کرنے کی بجاے ٔ 10جولائی 2018 کو ’’seen and return ‘‘ کے ریمارکس لکھ کررد کردیا اور واپس اسٹیبلشمینٹ ڈویژن ارسال کردیا ہے۔