سیاست دنیاداری نہیں عبادت سمجھ کر سرانجام دینا چاہیئے‘حافظ سعید
کراچی (نیوز رپورٹر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ سیاست کو کاروبار سمجھنے والوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل رکھا ہے۔ ووٹ خرید کر نمائندے منتخب کیے جاتے ہیں اور منتخب نمائندوں کو امریکا خرید لیتا ہے۔ ستر سال سے جاری اس کھیل کو ختم کرکے سیاست کی سمت درست کریں گے۔ ہمارا انتخابی منشور رسول اللہﷺ کی سیاست کو رائج کرنا ہے۔ وطن عزیز مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، قوم کو پاکستان کی نظریاتی اساس پر جمع کرکے دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملیر حلقہ پی ایس 90 بھینس کالونی، ضلع کورنگی حلقہ پی ایس 92 شمسی سوسائٹی اور ضلع وسطی حلقہ پی ایس 129 نارتھ ناظم آباد میں ملی مسلم لیگ کے بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ حافظ محمد سعید کی آمد پر اہلیان علاقہ کی جانب سے ان کا زبردست استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ جلسوں سے ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر اور حلقہ این اے 242، این اے 243 سے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی اور اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدواران حلقہ پی ایس 90 عمران اسلام، پی ایس 92 معیز شہزاد اور پی ایس 129 محمد سلیمان نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ملک کی خاطر کھڑے ہوئے ہیں۔ یہ ملک اللہ تعالیٰ نے انعام کے طور پر دیا تھا، لیکن ہم نے اس کی قدر نہیں کی۔ آج پاکستان مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، یہ ملک کی نظریاتی اساس کو فراموش کرنے کا نتیجہ ہے۔ ہم نے رائج سیاست کی اصلاح کرکے اس کو درست سمت دینا ہے۔
حافظ سعید