تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ براسر اقتدار آئے ہیں: سراج الحق
پشاور (ثناءنیوز) خیبر پی کے کے سینئر وزیر برائے خزانہ اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ برسراقتدار آئی ہے۔ بھاری بھر کم سود پر قرضوں کے حصول کی بجائے اپنے وسائل میں اضافے پر توجہ ہے۔ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد فیس دراصل ٹیکس نہیں بلکہ ایک سیس ہے جو سرحد پار درآمدات و برآمدات میں مصروف بھاری ٹریفک کے زیر استعمال شاہراہوں کی دیکھ بھال اور سکیورٹی سمیت خدمات پر لاگو ہو گا اور اس کا اطلاق صرف ٹرانزٹ ٹریڈ ہی نہیں بلکہ تمام تجارتی مال پر ہو گا۔ وہ گذشتہ روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے وابستہ تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے نمائندہ وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے ٹرانزٹ ٹیکس کے حوالے سے اپنے بعض تحفظات سے انہیں آگاہ کیا۔