گوادر منصوبہ ملکی معیشت کو عظیم بلندیوں تک لے جائے گا: زاہد حامد
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے کہا ہے کہ گوادر میں ملکی معیشت کو عظیم بلندیوں تک لے جانے کی صلاحیت ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گوادر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر سے ہزاروں مقامی افراد کو روزگار ملے گا۔ وفاقی وزیر نے موٹروے کے پورے ملک سے گزرنے کے امکانات کو سراہا اور کہا کہ منصوبے کے قابل عمل ہونے کی جائزہ رپورٹ صرف تین ماہ میں مکمل ہو جائے گی جس کے بعد منصوبے کے آغاز کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے کی تکمیل کے بعد اس کی وجہ سے ملک میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ چین کے نتائج کے بارے میں زاہد حامد نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاجر اور فیصلہ ساز پرامید ہیں کہ اگلے تین سال میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم پندرہ ارب ڈالر ہو جائے گا۔