بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر
میرپور (آئی این پی) وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارت ایک بین الاقوامی دہشت گرد ملک ہے جس نے دہشت گردی کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے نفاذکے ذریعے اپنے قبضے کو دوام دینا چاہتا ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ اور ممبئی حملے کے حوالے سے بھارت کا پول کھل گیا ہے۔ اس نام نہاد سکیولر سٹیٹ کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے۔بھارت بین الاقوامی بہروپیا ہے جس نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ بھارت ایک ہندو سٹیٹ ہے جہاں اقلیتوں کا جینا دو بھر کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا بھارت سرکار جان لے مقبوضہ کشمیر پر اپنے غاضبانہ قبضے کو دوام دینے کے اسکے تما م ہتھکنڈے ناکا م ہونگے۔بھارتی پیرا ملٹری فورسز ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو دوام نہیں دے سکتیں ۔وزیر اعظم نے بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی ہے وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا غیر قانونی قبضہ ختم کروائیں ۔