زرداری آج ایران کا ایک روزہ دورہ کریں گے‘پاکستان، سعودی عرب اور تہران میں ثالثی کیلئے سرگرم ہے: ذرائع
اسلام آباد (این این آئی + آئی این پی) صدر آصف زرداری آج ایران کا ایک روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ اپنے دورے میں وہ ایرانی ہم منصب صدراحمدی نژاد، سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر رہنماو¿ں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی سفیر ماشاءاللہ شاکری نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ صدرآصف زرداری کی ایرانی حکام سےملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور ثقافتی رشتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرداری احمدی نژاد ملاقات کے دوران افغانستان سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ آئی این پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے بطور ثالث سرگرم عمل ہے، صدر آصف زرداری کے دورہ تہران میں اہم بریک تھرو متوقع ہے، دونوں صدور کی ملاقات کا اہتمام وزارت خارجہ کی بجائے وزیر داخلہ رحمن ملک نے کیا، اس سے پہلے رحمن ملک صدر زرداری کے خصوصی ایلچی کے طور پر ایران اور سعودی عرب کے کئی دورے کر چکے ہیں، گذشتہ تین ہفتوں کے دوران آصف زرداری کی ایرانی ہم منصب سے یہ دوسری ملاقات ہو گی۔
زرداری/دورہ
زرداری/دورہ