ٹریفک حادثات اور عوامی رویہ
مکرمی! آپ کے اخبار کے ذریعہ میں متعلقہ حکام اور عوام الناس کی توجہ شہروں میں ٹریفک حادثات کے روز بروز بڑھتا رجحان اور عوامی رویوں کی طرف کروانا چاہتی ہوں۔ سردی میں دھند کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں تیزی آرہی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ حادثہ ہونے کے بعد لوگ حادثے کی جگہ پر ہجوم کی صورت میں جمع ہوجاتے ہیں۔ اور حادثے سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے کی بجائے تصویریں اور ویڈیوز بنانا شروع کردیتے ہیں۔ اس کو بے حسی کہیں یا شعور کی کمی کی پاس پڑے زخمی کو ہسپتال لیے جانے یا اس مدد کرنے کی بجائے وہاں پرکھڑے ہوکر تماشا دیکھا جاتا ہے اور بعض دفہ پولیس کی تفتیش اور دیگر کاروائیوں سے بچنے کے لیے بھی متاثرین کی مدد نہیں کی جاتی ہے۔ اس سارے عرصے میں اکثر زخمی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ٹریفک حادثات میں زخمیوں کی مدد کریں۔اور عام شہریوں میں بھی بغیر کسی خوف کے زخمیوں کی مدد کا جذبہ ابھارنے اور شعور اجاگرکرنے کی ضرورت ہے۔(عنیزہ اسد،لاہور)