سعودی عرب میں ہواوے کے سب سے بڑے سٹور کا افتتاح

چین کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے کے بعد مملکت میں ہواوے کے سب سے بڑے اسٹور کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ سٹور چین سے باہر دنیا میں اب تک کا سب سے بڑا سٹور ہے۔ سعودی عرب میں ہواوے سٹورکا افتتاح سعودی عرب کے وز برائے سرمایہ کاری خالد الفالح نے کیا۔اپنی ایک ٹویٹ میں خالد الفالح نے کہا کہ وہ ریاض شہر میں چین کے باہر ہواوے کے سب سے بڑے پر فلیگ شپ سٹور کو کھولنے کے لیے ہواوے اور کاڈن انوسٹ کے مابین معاہدے پر دستخط کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ریاض میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی کا نہ صرف مملکت بلکہ چین سے باہر پوری دنیا میں سب سے بڑا سٹور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں چینی کمپنی کے اسٹور کا قیام مملکت کی وزارت سرمایہ کاری، وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مابین مستقل تعاون کا نتیجہ ہے جس کا مقصد مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔