مسلم لیگ ن ، پی پی کے ایم پی ایز کی ملاقات ، تحریک انصاف اقتدار نہیں عوامی خدمت کیلئے آئی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ اور طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر بیت المال و سوشل ویلفیئر سید یاور عباس بخاری سے باہمی دلچسپی کے امور اورکمزور طبقات کی فلاح و بہبودکے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید یاور عباس بخاری نے وزیراعلیٰ کو محکمے کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بے سہارا اور کمزور لوگوں کی فلاح و بہبود ہمارا فرض ہے۔ کم وسائل یافتہ افراد کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں۔ سابق ادوار میں کمزور طبقوں کو جان بوجھ کر کمزور رکھا گیا۔ کسی حکومت نے محروم معیشت لوگوں کی فلاح پر توجہ نہیں دی۔ ماضی میں جائز حقوق سے محروم طبقات کے احساسات کو مجروح اور ضروریات کو نظرانداز کیا جاتا رہا۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے کمزور طبقات کو سہارا دیا ہے۔ تحریک انصاف اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لئے آئی ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے نئے پراجیکٹ متعارف کرائے جائیں گے۔ ہم عوام کے حاکم نہیں، خدمت گار ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدارکی ذاتی دلچسپی سے صحافی کالونی ملتان کے پلاٹوں کے ٹرانسفر کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔