جزائر کیس: سندھ ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل و دیگر سے 21جنوری تک رپورٹ طلب کرلی
کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے سندھ کے جزائر سے متعلق وفاقی موقف پر اٹارنی جنرل پاکستان اور دیگر سے 21جنوری تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ میں سندھ کے جزائر وفاق کے حوالے کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جزائر سے متعلق وفاق حکومت کے آرڈیننس کی مدت 3 جنوری کو ختم ہوچکی ہے۔ حکومت نے نیا آرڈیننس جاری نہیں کیا۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اگر آرڈیننس ختم ہوچکا ہے تو پھر زیر سماعت درخواست غیر موثر ہوجائے گی۔ وفاقی حکومت نے ندر لینڈ سے بنڈل آئی لینڈ کیلئے ڈی سیلنیشن پلانٹ کے معاہدہ پر دستخط کئے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آرڈیننس کی مدت ختم ہونے کے بعد وفاق کا جو بھی موقف ہے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اور دیگر سے 21 جنوری کو رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ڈی سیلینیشن پلانٹ کے معاہدے سے متعلق جواب بھی طلب کرلیاہے۔