جنوبی افریقی ٹیم 14 سال بعد شہر قائد پہنچ گئی۔ 38 رکنی سکواڈ چارٹرڈ فلائٹ سے کراچی پہنچا، ایئرپورٹ اور شارع فیصل پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے۔
مہمان کھلاڑی کوویڈ ٹیسٹنگ کے بعد مقامی ہوٹل میں 5 روز قرنطینہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق تمام کے منفی ٹیسٹ پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔ دوسری جانب قومی کھلاڑی 19 جنوری سے بائیو سیکور ببل میں شفٹ ہوں گے جبکہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان 16 تاریخ کو ہوگا۔
ادھر جنوبی افریقا کے خلاف 20 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، قیادت کے فرائض بابر اعظم سرانجام دیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عابدعلی، عمران بٹ، اظہر علی، شاہین آفریدی، فہیم اشرف، یاسر شاہ، آغا سلمان ، سرفراز احمد، محمد رضوان اور فواد عالم شامل ہیں۔ عبداللہ شفیق، آغا سلمان، کامران غلام، نعمان خان، تابش خان، سعود شکیل، حسن علی، حارث روف اور ساجد خان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
یاد رہے جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا آغاز 26 جنوری سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
واضح رہے ٹیسٹ سیریز میں پروٹیز کا پلہ بھاری ہے۔ جنوبی افریقہ 26 مقابلوں میں 15 میچ جیتے، صرف چار میں پاکستان کو فتح ملی، 7 بے نتیجہ رہے۔ پروٹیز آخری بار اکتوبر 2007 میں پاکستان آئی، 4 شہروں میں 2 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچ بھی کھیلے تھے۔