جنوبی افریقین کرکٹ ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے آج پاکستان آمد
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)کرونا وائرس کی وجہ سے امارات کی ایئرلائنز نے جنوبی افریقہ کیلئے پروازیں معطل کردی ہیں جس کی وجہ سے جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم آج صبح خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے جوہانسبرگ سے صبح چھ بجے قائد اعظم انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کریگی۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ خلیج کی ایئر لائن نے کرونا کی وجہ سے جنوبی افریقہ کیلئے تمام پروازیں معطل کردی جس کے بعد پی سی بی نے ایئرلائن سے رابطہ کرکے چارٹرڈ فلائٹ چلانے کی درخواست کی۔ پی سی بی کی درخواست پر جہاز دبئی سے جوہانسبرگ جائیگا اور جنوبی افریقن ٹیم کو لے کر سیدھا کراچی پہنچے گا۔مہمان ٹیم شیڈول سے پانچ گھنٹے پہلے کراچی پہنچ رہی ہے۔چارٹرڈ طیارے کے اخراجات جنوبی افریقہ برداشت کریگا۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چارٹرڈ فلائٹ اور طیارہ میں سوار تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان آنے کی اجازت دیدی ہے۔