نئے 9کھلاڑیوں کیلئے موقع ہے مستقل جگہ کیلئے کارکردگی دکھائیں : محمد وسیم
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہاہے کہ وہ پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،یہ9 کھلاڑی اب کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں تاکہ وہ مستقل جگہ بناسکیں۔ کھلاڑیوں نے کرونا کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور پھر شاندار کارکردگی کی بدولت قومی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنائی ہے، ان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ایک بار پھر یہ واضح ہوگیا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی قدر کی جاتی رہے گی، جو کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔ جو کھلاڑی قومی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، وہ پرعزم رہیں اور اپنی فارم اور فٹنس پر کام کرتے رہیں کیونکہ ابھی رواں سال پاکستان کو بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور لہٰذا ممکنہ طور پر انہیں دیگر مواقع پر نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔ شان مسعود، محمد عباس اور حارث سہیل کی کارکردگی میں تسلسل نہیں تھا، جس کے باعث انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ عابد علی نئے پارٹنر کیساتھ میدان میں اتریں گے ، عبداللہ شفیق یا عمران بٹ میں سے کوئی ایک اوپننگ کریگا۔