وادی نیلم میں گھر کے ملبے کی تلاشی،ریسکیوٹیم نے 12سالہ ثمینہ کوبحفاظت نکال لیا ہسپتال منتقل، بیٹی کا زندہ ملنا معجزہ ، ماں، کبھی نہیں سوچا تھا بچ جاؤنگی،لڑکی کی گفتگومظفر آباد( رائٹرز)آزاد کشمیر کے علاقے نیلم وادی میں شدید برفباری کے باعث گھر پر تودہ گرنے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے 12 سالہ ثمینہ کو 18 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا ۔
جسے علاج کیلئے مظفر آباد کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق وادی نیلم کے گائوں بکوالی میں امدادی ٹیموں نے لڑکی کو مکان کے ملبے سے نکال لیا جبکہ اسی مکان میں ثمینہ کا ایک بھائی اور بہن جاں بحق ہو گئے ۔12 سالہ ثمینہ نے واقعہ کو یاد کرتے ہوئے رائٹرز کو بتایا کہ وہ کیسے ملبے میں چیخیں مار رہی تھی اور مدد کیلئے پکار رہی تھی۔ثمینہ کا مزید کہنا تھا کہ اس نے کبھی بھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ زندہ بچ جائے گی۔ اس موقع پر لڑکی کی والدہ شہناز بی بی نے بتایا کہ میری بیٹی کا زندہ ملنا کسی معجزے سے کم نہیں ۔امدادی ٹیم نے بتایا کہ جب ثمینہ کو ملبے سے نکالا گیا تو اس کی ٹانگ زخمی جبکہ منہ سے خون بہہ رہا تھا۔