شہری سرکاری محکمے کیخلاف شکایات کے فوری اندراج کیلئے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں:صدر
صدرڈاکٹرعارف علوی نے شہریوں سے کہاہے کہ وہ کسی بھی سرکاری محکمے کے خلاف شکایات کے فوری اندراج کے لئے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔صدرمملکت نے گزشتہ روزویڈیوپیغام کے ذریعے لوگوں کوآن لائن پورٹل کی سہولت سے آگاہ کیا جس میں انہوں نے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے وفاقی محتسب کے دفتر کے موثر استعمال کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے کہاکہ پورٹل پرمتعلقہ معلومات فراہم کردی گئی ہیں جس کے تحت لوگ وفاقی محتسب کے گیارہ دفاترمیں سے کسی دفترپربھی بذریعہ ڈاک، فیکس یاای میل کے ذریعے اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔صدرعلوی نے کہاکہ وفاقی محتسب کوایک خط کے ذریعے شکایت درج کرائی جاسکتی ہے اور متعلقہ شکایت پرفیصلے کے خلاف دائرکردہ اپیل پرچوبیس گھنٹوں کے اندر فیصلہ یقینی بنایاجائے گا۔