پی ٹی آئی اپنی حکومت کی فکر کرے ہم پیچھے پڑ گئے تو انکو وفاقی حکومت بچانا مشکل پڑجائیگی:سعید غنی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ استعفیٰ نہیں دیں گے، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری ور نہ والی با ت پر عمل کر کے دیکھ لیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا کوئی ایک رکن بھی پی ٹی آئی سے رابطہ میں نہیں ۔پی ٹی آئی اپنی حکومت کی فکر کرے ہم پیچھے پڑ گئے تو انکو وفاقی حکومت بچانا مشکل پڑجائیگی. تحریک انصاف کی اپنی حکومت کمزور بنیاد پر کھڑی ہے جو تھوڑی سی کوشش سے گر جائے گی۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے دو باتیں کی ہیں کہ سید مراد علی شاہ استعفیٰ دے دیں ورنہ ہم یہ کر دیں گے تو میرا خیال ہے وہ ورنہ والا کام کر لیں اور لوگوں کو دکھا دیں کتنے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انداز رہا ہے کہ جھوٹ بولو ، لوگوں کو دھوکا دو اور پھر اس کے بعد آگے بڑھ جاؤ۔ ا نہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک رکن بھی پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر ماضی میں شاید اس سے بھی سخت حالات آئے ہیں اور میں نہیں سمجھتا کہ پیپلز پارٹی کے نمبرز کم ہونے والے ہیں، کچھ نہیں ہونے والا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومتیں تو کسی اور کے کاندھے پر کھڑی ہیں اور مانگے تانگے کی حکومتیں ان کی ہیں ہماری نہیں ہیں میرا خیال ہے کہ جتنا زور یہ ادھر لگا رہے ہیں اس کا اگر ہم نے 25فیصد بھی لگا دیا تو ان کی حکومتیں چلی جائیں گی۔