نہر خیام کے پشتے پر تعمیر 6منزلہ عمارت گرانے کا عمل شروع
کراچی (نیوز رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے کراچی کے انتہائی مہنگے علاقے کلفٹن میں نہر خیام کے پشتے کو روک کر تعمیر کی جانے والی چھ منزلہ عمارت کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے، واضح رہے کہ نہر خیام کے پشتے کو کم کرکے نالے کی زمین پر قبضہ کرکے 6 منزلہ کمرشل عمارت زیر تعمیر تھی جس کی وجہ سے نہرخیام میں پانی کے بہائو میں رکاوٹ پیدا ہوگئی تھی خصوصاً برسات میں اس نالے کی وجہ سے کلفٹن تین تلوار تک کا علاقہ پانی میں ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا، عدالت کے حکم پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے منگل کو اس عمارت کو مسمار کرنے کی کارروائی شروع کردی جہاں فلیٹ تعمیر کرکے فروخت کئے جا رہے تھے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کی نگرانی میں بھاری مشینری کی مدد سے عمارت کو مسمار کرنے کا کام شروع کیا گیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں پارکوں، فٹ پاتھوں اور نالوں پر تعمیرات کو مسمار کرنے کی کارروائی شروع کی ہوئی ہے اور یہ آپریشن بھی اس کارروائی کا حصہ ہے۔