صحت وتعلیم کا فروغ حکیم سعید کا مشن تھا:سعدیہ راشد
کراچی (نیوز رپورٹر)گزشتہ روزحکیم محمد سعید کی 99 ویں سالگرہ کی تقریب سے ہمدرد کارپوریٹ آفس کراچی میں خطاب کرتے ہوئے سعدیہ راشد، چیئرپرسن ، ہمدرد پاکستان نے کہا کہ حکیم سعیدکی زندگی خدمت کا ایک عملی نمونہ ہے، انہوں نے اپنی زندگی کا ہر ایک لمحہ ملک خداداد پاکستان اور خلق خدا کی خدمت میں بسر کیا۔ صحت و تعلیم ان کی زندگی کا بنیادی محور تھا، بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بہت زور دیتے تھے ، عملاً انہوں نے ایک لق و دق صحرا میں بچوں کے اسکول سے لے کر یونی ورسٹی کی تعلیم کا جو پودا لگایا تھا وہ ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ صحت کے میدان میں انہوں نے 50 لاکھ سے زائد افراد کا علاج کیااور مشورے کے نام پر ایک پیسہ بھی نہ لیا۔ صحت و تعلیم کے علاوہ بھی ایسے میدان ہیں جن پر وہ پوری زندگی عمل پیرا رہے۔ان کی زندگی کے تمام پہلوئوں کو موجودہ اور آنے والی نسلوں کو روشناس کرانے کے لیے ہمدرد نے ایک مربوط پروگرام تشکیل دیا ہے جس کے تحت آج سے 100ویں سالگرہ کے دن تک مختلف سرگرمیوں میں حکیم صاحب کی خدمت و زندگی کو سامنے لایا جائے گا۔ اس موقع پر حکیم صاحب کے’’ صد سالہ لوگو‘‘ کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہمدرد پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ سی ای او اُسامہ قریشی نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد یہ طے کرنا ہے کہ آنے والے سال جو شہید حکیم محمدسعید کی پیدائش کا 100 واں سال ہوگا اس سال کا اس طرح سے احاطہ کیا جائے کہ اس سے حکیم صاحب کی پوری زندگی ، جدوجہد اور کارناموں کی عکاسی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکیم صاحب نے جن اداروں کی تعمیر کی وہ اب مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ہم نے 100 ویں سالگرہ کی تیاریوں کا آغازکیا ہے اور سال بھر کے دوران ہم مختلف تقریبات کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ اُسامہ قریشی نے مزید کہا کہ حکیم صاحب نے ہمیشہ ہمدرد کی آمدنی کو فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی کوشش کی، ہمیں اس میراث کو آگے لے کر چلنا ہے تاکہ اس عظیم شخص کی خدمات، فلسفہ اور ان کے ادارے جاری و ساری اور قائم و دائم رہیں۔ اس موقع پر شہید حکیم محمد سعید کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا جو سعدیہ راشد نے اُسامہ قریشی، متولیہ ہمدرد فاطمہ منیر احمد، ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل فرخ امداد، ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن، فیکلٹی اوف لا اینڈ لیگل افیرز، ہمدرد یونی ورسٹی کے ڈین جسٹس (ر) پروفیسر ڈاکٹر قمر الدین بوہرہ اور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈولپمنٹ پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان کے ہمراہ کاٹا۔