تحریک انصاف کا دوسرا نام تکبر اور غرور ہے: بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
کراچی(ہیلتھ رپورٹر)سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دوائیں مہنگی کر کے صحت کی سہولیات کو عوام کی پہنچ سے دور کر رہی ہے جبکہ سندھ حکومت این آئی سی وی ڈی کے سیٹیلائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونٹس کے ذریعے صحت کی معیاری سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کوسندھ دھرتی پر خوش آمدید کہتے ہیں لیکن اگر وہ سازشی وائسرائے بن کر آئے تو قبول نہیں، دل کی بیماریوں کے علاج کو دوسرے صوبوں تک پھیلائیں گے، زمین تلاش کر رہے ہیں،تحریک انصاف کا دوسرا نام غرور و تکبر ہے،این آئی سی وی ڈی نے گزشتہ سال چیسٹ پین یونٹس کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ دل کے مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور 5ہزارسے زائد زندگیاں بچائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لانڈھی میں این آئی سی وی ڈی کے آٹھویں چیسٹ پین یونٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے میئر کراچی وسیم اختر، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر اور این آئی سی وی ڈی کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر امین ہاشوانی نے بھی خطاب کیا۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا وعدہ ہے کہ صحت کی سہولت ہر گھر تک پہنچائیں گے اور وفاقی دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے صحت کی سہولیات کو عوام کی پہنچ سے دور کر رہی ہے ، ہم این آئی سی وی ڈی کو ماڈل ادارہ بناکر صحت سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی یونٹس کا جال پورے سندھ میں بچھادیا گیا ہے ،جب یہ اسپتال 18ترمیم کے بعد ہمارے حوالے کیا گیا توہم نے اسے بنا کر دکھایا ، اندرون سندھ سے اب کراچی مریض کم لائے جارہے ہیں ، کیوں کہ سکھر، ٹنڈو محمد خان جیسے شہروں میں مریض استفادہ کررہے ہیں،کراچی بڑا شہر ہے جہاں ٹریفک کا مسئلہ ہے ،ان چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ٹریفک جام کے صورت میں شہریوں کو ان کے گھر کے قریب دل کے علاج کی سہولیت مہیا ہو گئی ہے ،چیسٹ پین یونٹ کا مقصد فوری علاج ہے ، دل کے مریضوں کے لیے این آئی سی وی ڈی کی ٹیم فرشتہ ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہتر انتظامی امور کے لیے اس ادارے کا نام تبدیل کیا ہے ،ہمیں کسی قسم کے تحفظات نہیں ہیں،انتظامیہ بھی قانون کے تابع ہے ، اس ادارے میں اگر کرپشن ہوتی تو لانڈھی کے مکینوں کو یہ تحفہ نہ ملتا ،اس ادارے کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ،مئیر کراچی وسیم اخترنے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کی کاوشوں کو سراہتا ہوں،ہزاروں مریضوں کو ان یونٹس سے فائدہ پہنچ رہا ہے،کے ایم سی اس حوالے سے ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے ،سب ساتھ مل کر ایک اچھے کام میں ساتھ دیں، این آئی سی وی ڈی شہر میں خدمات انجام دے رہا ہے۔