ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے علاج کا حق چھن گیا:کوکب اقبال
کراچی (ہیلتھ رپورٹر)کنزیومر ایسو سی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کو کب اقبال نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کے اضافے نے غریب مریضوں کو علاج سے محروم کردیا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت نہ صرف ادویات کی اضافی قیمتوں کو فوراََ واپس لے بلکہ اس کی سابقہ قیمتوں میں بھی پچاس فیصد کمی کرے غریب مریض مہنگی ادویات خریدنے کے بجائے موت کو ترجیح دیں گے جنرک ادویات کی فروخت سے مہنگی ادویات کی قیمتوں کا فرق ختم ہو جائے گا کوکب اقبال نے کہاکہ جس ملک کی 45 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو وہاں بھوک اور افلاس کے ساتھ ساتھ بیماریاں بھی عام ہوتی ہیں انہوں نے کہاکہ اگر چین سے ادویات سازی کا خام مال درآمد نہیں کیا جا سکتا تو فارما سیوٹیکل کمپنیاں پڑوسی ممالک سے سستا خام مال در آمدکر کے ادویات سازی کر سکتی ہیں کو کب اقبال نے کہاکہ پاکستان کی22کروڑآبادی کی صحت کا خیال رکھا جائے اورعوام کے استعمال کی عام ادویات سے لے کر جان بچانے والی ادویات تک کی فراہمی کو یقینی بنایاجا ئے تا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی ادویات کی قلت پیدا نہ ہو سکے انہوں نے کہاکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب مریضوں کی زندگیوں کو چھینے کی کوشش کی ہے جس سے مریضوں میں شدید بے چینی اور مایوسی پیدا ہو گئی ہے کو کب اقبال نے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر میں پہلے سے کہیں زیادہ اربوں روپے کی جعلی ادویات تیار اورفروخت ہونے لگیں گی جس سے عوام کی زندگیوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔