فیصل آباد: کمسن بچی کے قاتل کو بارہ سال بعد پھانسی دید ی گئی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) کمسن بچی کو اغوا کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو بارہ سال بعد تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق غازی آباد بیس لائن ایریا کے ذوالفقار علی نے 2006ء میں ٹھیکریوالہ کے حبیب کی بیٹی مدیحہ کو اغوا کرنے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ملزم کو 2006ء میں ایڈیشنل سیشن جج ندیم گلزار کی عدالت سے دو مرتبہ سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ایوان صدر سے رحم کی اپیل مسترد ہونے اور اعلیٰ عدالتوں سے فیصلے کے خلاف اپیل خارج ہونے پر مجرم کو گزشتہ روز سنٹرل جیل فیصل آباد میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، مجرم سے آخری ملاقات کے لئے گیارہ لواحقین جیل پہنچے۔ اس موقع پر ادھیڑ عمر والدہ اشک بار آنکھوں سے بیٹے کو تسلیاں دیتی رہی اور کئی جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔