چین کی ویمنز ٹیم کا ٹی۔20کرکٹ میں منفی عالمی ریکارڈ ، پوری ٹیم 14رنز پر ڈھیر
دبئی (آئی این پی)متحدہ عرب امارات کی ویمنز ٹیم نے چین کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ کے کم ترین اسکور14 پر آوٹ کر کے 189رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔تھائی لینڈ ویمنز ٹی20اسمیش کے گروپ بی کے میچ میں متحدہ عرب امارات نے پہلے کھیلتے ہوئے چین کی ٹیم کو 204رنز کا مشکل ہدف دیا۔امارات کی اوپنر ایشا روہت نے 62گیندوں پر 82رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ 121رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔جواب میں چین کی پوری ٹیم صرف 48منٹ میں 10اوورز کے اندر ہی 14رنز پر پویلین لوٹ گئی جو ویمنز ٹی20کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔چینی ٹیم کی 7 کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئیں، سب سے زیادہ 4رنز ہان لی لی نے بنائے اور کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔اس سے قبل ویمنز انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں کم تر اسکور پر آئوٹ ہونے کا ریکارڈ میکسکو کے پاس تھا جو گزشتہ سال برازیل کے خلاف صرف 18رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔