کراچی میراتھن 3 فروری کو ہوگی ‘روٹ فائنل
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں کمشنر کراچی میراتھن کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں میرا تھن روٹ کی منظوری دی گئی ۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کمشنر کراچی میرا تھن 3 فروری کو ہوگی ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان اکیڈمی سے شروع ہوگی اور اسی جگہ اختتام پذیر ہوگی۔ میرا تھن مجموعی طور پر دس کلومیٹر ہوگی ۔اجلاس مین ڈپٹی کمشنر جنوبی صلاح الدین، کمشنر کراچی اسپورٹس کوآرڈینیٹر غلام محمد اور انتظامی کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ انتظامی کمیٹی نے اجلاس کو میراتھن کی ابتدائی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ میراتھن میں شرکت کے لئے رجسٹریشن شروع کر نے کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ کمشنر نے کہا انتظامات جلد از جلد مکمل کر لیں۔ فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر کراچی 19 جنوری ایک پریس کانفرنس مین میراتھن کے انتظامات اور رجسٹریشن کے طریقہ کار سے میڈیا کے ذریعے میراتھن میں شرکت کے طریقہ کار اور قواعد کا اعلان کریں گے۔