جماعت اسلامی 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منائے گی:امیر العظیم
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اس بار بھی پنجاب سمیت پورے ملک میں 5فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منائے گی۔ مرکزی،صوبائی اور ضلعی قائدین یکجہتی کشمیر ریلیوں کی قیادت کریںگے۔بھارت نے کشمیر پر70برسوں سے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد نہیں کیاجارہا۔جموں وکشمیر کے عوام نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہرپرامن راستہ اختیارکیامگراس کے باوجود بھارت نے اپنی7لاکھ فوج کے ذریعے ظلم وستم کی انتہاکردی ہے۔اب تک جموں وکشمیر میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔