اورنج لائن کے قریب تاریخی عمارتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے:سپریم کورٹ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کے لئے بنائی جانے والی سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) سید زاہد حسین نے ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن میٹر وٹرین کے راستے کے قریب واقع تاریخی عمارتیں ہمارا قومی ورثہ ہیں ‘ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لئے سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزہ کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ جی پی او بلڈنگ‘سپریم کورٹ رجسٹری‘ مزاراورمسجد شاہ چراغ‘سینٹ اینڈ ریوز چرچ‘ موج دریا مزار اور مسجد‘چوبرجی اور مقبرہ زیب النساء کے دورے کے موقع پر ان عمارتوں کے تحفظ اور تزئین و آرائش کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔