جیلوں کی سکیورٹی کے حوالے سے قائمقام آئی جی کے خصوصی احکامات
لاہور ( نامہ نگار)جیلوں میں سکیورٹی پر سمجھوتہ نہ کیا جائے نہ قیدیوں‘ حوالاتیوں کی سہولتوں میں کوئی کسر اٹھا رکھی جائے۔ یہ احکامات قائمقام آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان نے پنجاب بھر کی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کے نام جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق خواتین اور کمسن قیدیوں‘ حوالاتیوں کو سہولتیں قراہم کی جائیں۔ تعلیم وتربیت کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ قائمقام آئی جی ملک مبشر احمد خان نے مزید کہا کہ جیلوں میں اصلاحات کے پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ جیلوں کو عقوبت خانے نہیں‘ دارالاصلاح ہونا چاہیے۔ جیلوں میں خواتین ‘ نوعمر قیدیوں کیلئے شروع کیے گئے فنی تعلیم کے پروگرامز پر خصوصی توجہ دی جائے تا کہ وہ رہائی کے بعد عادی مجرم بننے کی بجائے معاشرے کا مفید فرد بن کر ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کریں۔ قائمقام آئی جی ملک مبشر احمد خان نے مزید احکامات جاری کیے کہ ملاقات کے لیے آنیوالے معمر افراد اور اساتذہ کو بھرپور احترام دیا جائے۔