ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان کے لئے مزید 5 کروڑ روپے کی منظوری
لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان کے زیر تکمیل منصوبے کے لئے مزید 5 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ زاہد اختر زمان اور ایڈیشنل سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر محکمے کے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان تکمیل کے بالکل قریب ہے جلد منصوبے کا افتتاح ہوجائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حتمی تعمیرات اور مشینری کی تنصیب کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن طبی مراکز کی تکمیل ہو چکی ہے وہاں مشینری کی تنصیب اور سٹاف کی تعیناتی بھی بروقت ہونی چاہیئے۔ وزیر صحت نے ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی دور کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن ہسپتالوں میں نو تربیت یافتہ ایستھیزیا ماہرین لگائے گئے ہیں وہاں کے 2،3 میڈیکل آفیسرز کو بھی ان کے ساتھ تربیت کے لئے لگایا جائے تاکہ اینستھیٹسٹس کی کمی دور کی جاسکے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ زاہد اختر زمان نے اجلاس کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔