لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد، پہاڑوں پر برف باری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا تاہم بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر ہونے والی برف باری کی وجہ سے میدانی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت برقرار رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز بدھ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے، اس دوران کوہاٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ منگل کو زیادہ سردی استور اور سکردو میں ریکارڈ کی گئی جہاں کا درجہ حرارت منفی 14 ریکارڈ کیا گیا جبکہ بگروٹ منفی13، کالام منفی12، گوپس منفی09، ہنزہ، مالم جبہ منفی07، راولاکوٹ منفی06، دیر منفی05، دروش، گلگت، کوئٹہ، پاراچنار منفی04، چترال، مری، بونجی، چلاس منفی02، کاکول، بالاکوٹ، ژوب، مظفرآباد، میرکھانی، منفی01 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔