حکومت پنجاب مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کررہی ہے:سعید الحسن
لاہور(خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کررہی ہے۔منتخب اسمبلی نمائندگان کپتان کی ٹیم بن کر صوبے کی بہتری اور عوام کی خوشحالی کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 100 روزہ ایجنڈے کے تحت مقررکردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنارہے ہیں۔30سال کی خرابیوں کے سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحاتی عمل کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ تمام محکموں میں بہتری لانے کے سلسلہ میںعملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ کام کرنے والوں کو سرآنکھوں پر بیٹھائیںگے۔ پرفارمنس نہ دکھانے والوں سے بازپرس ہو گی۔ا نہوںنے کہا کہ ماضی میں تمام اختیارات کو وزیراعلیٰ آفس میں رکھا گیا۔ مگر اب ایسا نہیں ہے ۔جلد ایک تاریخی روایت کو فروغ دیا جائے گا جس کے لئے پنجاب کابینہ کے اجلاس دیگر ڈویژن میں بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ لوگوں میں احساس محرومی دور ہو۔