احتساب عدالت میں پرویز اشرف کیخلاف کیس کی 4گھنٹے سماعت، 26جنوری کو سرکاری گواہ پر جرح ہو گی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی مزید سماعت 26جنوری تک ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے چار گھنٹے جاری رہنے والی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ سابق وزیراعظم اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔ دوران سماعت وقار میر ایڈووکیٹ نے تفتیشی افسر پر جزوی جرح کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری گواہ کے بیان پر جرح کے لئے فریقین کے وکلا ء کو طلب کر لیا۔ نیب کی جانب سے پرویز اشرف پر 437 افراد کو غیرقانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام ہے۔