جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کی ہیٹ ٹرک
ناقص کارکردگی کی ہیٹ ٹرک ۔ جنوبی افریقہ نے جوہانسبرگ ٹیسٹ ہرا کر پاکستان کو کلین سویپ کر دیا۔ 381 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 273 پر ڈھیر ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام شعبوں کی خامیاں کھل کر سامنے آگئی ہیں ۔ فیلڈنگ اور بیٹنگ میں ہماری کرکٹ ٹیم کی جو حالت ہے وہ گلی محلے کی کرکٹ ٹیموں سے بھی گئی گزری ہے۔ ان دونوں شعبوں میں ہماری ٹیم کسی بھی لحاظ سے قومی ٹیم نظر نہیں آتی۔ پی سی بی اتنے اخراجات ا ور ٹریننگ سیشنوں کے باوجود ابھی تک ٹیسٹ سیریز کے لئے کھلاڑی تیار نہیں کر سکا۔ یہ ہماری کرکٹ بورڈ کی کارکردگی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پی سی بی میں سیاست، اقربا پروری اور میرٹ سے ہٹ کرسفارشی کلچر کی بدولت آج ہماری قومی ٹیم کی یہ حالت ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کی ٹیم سے کوئی ایک میچ بھی جیت نہیں سکی ۔ کرکٹ بورڈ کو اس پر غور کرنا ہو گا کہ کیا وجہ ہے کہ ہماری قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کے سامنے ریت کا ڈھیر ثابت ہوئی۔ کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر ہر پاکستانی حیران تھا۔ عالمی سطح کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کیا ایسی ہوتی ہے۔ حکومت کو اب پی سی بی اور کرکٹ کے کھیل کو سیاست سے پاک کرنے کے سخت اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ اصلاح احوال ممکن ہو اور ہماری کرکٹ ٹیم ایک مرتبہ پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔